Back

بالوں کے لئے بہترین غذا

گھنے بال ساری دنیا میں مرد و خواتین کی سب سے بڑی خواہش بھی ہے اور ایک اہم مسئلہ بھی، کمزور اور ہلکے بالوں والے ہمیشہ اپنے بالوں کو چمکدار اور خوبصورت بنانے کی کوششوں میں مصروف رہتے ہیں، بالوں کی نشوونما کے حوالے سے کچھ غذاؤں کا ذکر درج ذیل ہے

بادام
اس میں سیلینیئم کہلانے والے کیمیائی مادے کی مقدار خاصی زیادہ ہوتی ہے جو بالوں کو بہتر بنانے میں مدد کرتی ہے، سیلینیئم آپ کے بالوں کو دھوپ سے پہنچنے والے نقصان سے بھی بچاتا ہے، برازیلی بادام میں سیلینیئم سب سے زیادہ ہوتا ہے لیکن اگر وہ میسر نہ ہو تو اس کی جگہ عام بادام یا کاجو بھی استعمال کئے جا سکتے ہیں

انڈے کی سفیدی
یہ مفید سلفر سے بھرپور ہوتی ہے جو خون کی گردش بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ بالوں کی نشوونما کو بھی تیز کرتی ہے، اسی لیے سلفر کو خوبصورتی بڑھانے والی معدن بھی کہا جاتا ہے

خشک دہی
بازار سے عام ملنے والی دہی لیں اور اسے ململ یا کسی دوسرے باریک کپڑے سے چھان لیں، یہ خشک دہی کہلاتی ہے جسے گریک یوگرٹ بھی کہا جاتا ہے، اس میں وٹامن بی وافر مقدار میں ہوتا ہے جو بالوں کو پتلا ہونے اور گرنے سے بچاتا ہے

کیوی فروٹ
یہ پھل ہمارے ہاں کم ملتا ہے اور عام طور پر چین سے درآمد کیا جاتا ہے، کیوی فروٹ میں وٹامن سی اور ای کی وافر مقدار ہوتی ہے اور یہ دونوں مل کر بالوں کی جڑوں کو مضبوط بناتے ہیں، وٹامن سی کی بدولت جسم میں فولاد جذب کرنے کی صلاحیت بہتر ہوتی ہے جب کہ وٹامن ای کھوپڑی میں خون کے بہاؤ میں سہولت پیدا کرتا ہے

دالیں
خاص طور پر مسور کی دال، کھڑے مسور کی دال، مونگ کی دھلی ہوئی اور چھلکوں والی دال، پروٹین کے علاوہ فولاد سے بھی بھرپور ہوتی ہے، پروٹین کی بدولت بالوں کی جڑیں مضبوط ہوتی ہیں جب کہ فولاد کی وجہ سے بال مضبوط اور گھننے ہوتے ہیں، فولاد کی کمی میں مبتلا اکثر خواتین کو بال جھڑنے کی شکایت بھی ہوتی ہے

مچھلی
یہ انتہائی مفید غذا ہے کیونکہ بیشتر مچھلیوں میں اومیگا تھری فیٹی ایسڈ کہلانے والے پروٹین کی زبردست مقدار ہوتی ہے، اومیگا تھری کی بدولت بالوں کی جڑوں میں قدرتی چکنائی موجود رہتی ہے اور بال چمکدار ہوتے ہیں

کدو کے بیج
یہ زنک اور کاپر سے بھرپور ہوتے ہیں جن کی وجہ سے بالوں کی جڑوں میں موجود خلیات صحت مند رہتے ہیں جب کہ کھوپڑی میں تیل خارج کرنے والے غدود کی نشوونما بھی بہتر ہوتی ہے

Advertisements