Back

گرتے بالوں کا علاج

گنج پن کا شکار افراد اس سے جان چھڑانے کے لیے طرح طرح کے مہنگے علاج آزماتے ہیں اور اپنا پیسہ پھونک ڈالتے ہیں حالانکہ کچھ کم خرچ طریقے ایسے موجود ہیں جو نئے بال اگانے میں بہت مددگار ثابت ہوتے ہیں، یہ طریقے حضرات کے علاوہ خواتین کے لیے بھی یکساں طور پر مفید ہیں

پیاز کا رس
پیاز چھیلنے سے آنکھوں میں آنسو آ جاتے ہیں لیکن پیاز کا یہی رس کمزور اور جھڑتے بالوں کے لیے اکسیر ہے، سر میں پیاز کا رس لگانے کے ایک سے دو گھنٹے بعد صاف پانی سے سر دھو لینا چاہیے اور اگر شیمپو کی ضرورت محسوس ہو تو کم مقدار میں عام شیمپو استعمال کیا جائے کیونکہ شیمپو کا زیادہ استعمال بھی پیاز کے رس سے حاصل ہونے والے فائدے کو ختم کر سکتا ہے

گھیکوار یعنی ایلوویرا
جلد کی شادابی اور تازگی کے لیے گھیکوار کا استعمال عام تجویز کیا جاتا ہے لیکن اگر آپ بالوں کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں تو گھیکوار سے نکلنے والا سبز اور گاڑھا رس بھی آپ کو بہت فائدہ پہنچا سکتا ہے، پہلے سے محفوظ کر کے رکھا ہوا گھیکوار کا رس استعمال کرنے کے بجائے بہتر ہے کہ گھیکوار کا سبز ٹکڑا لے کر اسے درمیان سے کاٹ لیا جائے اور اس سے رس نکال کر سر میں لگایا جائے تو زیادہ فائدہ ہوتا ہے، اس سے بھی نہ صرف نئے بال نکلتے ہیں بلکہ بالوں کی چمک اور مضبوطی میں بھی اضافہ ہوتا ہے، البتہ اتنا یاد رکھیے کہ جب گھیکوار کا رس سوکھ جائے تو بالوں کو شیمپو لگائے بغیر، صرف تازہ اور صاف پانی سے دھویا جائے

سبز چائے
چھ ماہ سے ایک سال تک روزانہ صبح و شام ایک ایک کپ سبز چائے پی جائے تو اس سے نہ صرف عمومی صحت اچھی رہتی ہے اور موٹاپا کم ہوتا ہے بلکہ ساتھ ہی ساتھ بال بھی بہتر ہوتے ہیں اور گنج پن میں کمی آتی ہے

کھوپرے کا تیل
بالوں کو بہتر بنانے میں کھوپرے کے تیل کا استعمال کسی تعارف کا محتاج نہیں، بہتر ہے کہ کھوپرے کا دیسی تیل استعمال کیا جائے نہ کہ کسی کمپنی کا بنایا ہوا، یہ اس لیے بھی ضروری ہے کیونکہ کولہو سے نکالے گئے کھوپرے کے تیل میں اس کے تمام قدرتی اجزاء موجود ہوتے ہیں جو بالوں کی خشکی ختم کرنے کے علاوہ انہیں مضبوط بنانے اور نئے بال اگانے میں بھی بے حد مفید ہوتے ہیں، البتہ مفید نتائج حاصل کرنے کے لیے آپ کو کھوپرے کا تیل روزانہ پابندی سے استعمال کرنا ہو گا

گنج پن دور کرنے کے لیے کھوپرے کے تیل میں آٹا ملا کر پیسٹ بنا لیں اور اسے روز رات کو سونے سے پہلے سر پر اچھی طرح لگائیں اور سر پر کوئی کپڑا یا شاور کیپ لگا کر سوجائیں، صبح کسی اچھے شیمپو سے بال دھو لیں، یہ عمل کم از کم چھ ماہ جاری رکھنے پر نہ صرف گنج پن دور ہوجائے گا بلکہ بال بھی چمک دار اور مضبوط ہوجائیں گے

Advertisements