Back

دودھ اور لہسن سے علاج

دودھ میں لہسن ملا کر تیار کیا جانے والا مشروب آپ کو ایک دو نہیں بلکہ درجنوں بیماریوں اور صحت کے لاتعداد مسائل سے چھٹکارا دلا سکتا ہے، دودھ میں لہسن ملانے کا خیال شاید آپ کو عجیب سا لگے اور آپ یہ بھی سوچیں کہ ایسا کرنے سے دودھ پھٹ جائے گا لیکن ایسا نہیں ہو گا بلکہ یہ قدرتی مشروب آپ کی صحت کو بے مثال فائدے پہنچائے گا

اجزاء اور تیاری
لہسن کے جوے دس عدد
دودھ آدھا لیٹر
شکر دو سے تین چائے کے چمچے
پانی ٢٥٠ ملی لیٹر
سب سے پہلے لہسن کے جووں کو اچھی طرح سے کچل کر پیسٹ جیسی شکل میں لے آئیں، ایک برتن میں دودھ اور پانی ڈال کر اس میں لہسن کا پیسٹ اچھی طرح ملا لیں، اب اس برتن کو درمیانی آنچ پر گرم کریں اور گرم کرتے دوران چمچے سے ہلاتے رہیں، یہاں تک کہ سارا آمیزہ ابلنے لگے، اب چولہا بند کر کے اس آمیزے کو چھان لیں اور اس میں شکر ملا لیں، دھیان رہے کہ لہسن اور دودھ کا یہ شربت آپ کو نیم گرم حالت میں پینا ہے، اس طریقے پر عمل کرتے ہوئے روزانہ لہسن والے دودھ کا مشروب بنائیں اور دی گئی ہدایات کے مطابق استعمال کریں، بظاہر آسانی سے تیار ہو جانے والا یہ مشروب آپ کی صحت کے لیے ان گنت فائدوں کا خزانہ ہے جن میں سے چند فوائد نمایاں ہیں

کھانسی کا علاج
اس مشروب میں تھوڑی سی ہلدی ملاکر پینے سے نہ صرف معمول کی موسمی کھانسی میں افاقہ ہوتا ہے بلکہ وہ کھانسی جو طویل مدت سے لاحق ہو اور جان نہ چھوڑ رہی ہو اس کی شدت میں بھی نمایاں طور پر کمی آجاتی ہے

کولیسٹرول پر کنٹرول
یہ مشروب خون میں مضر چکنائی کو گھٹاتا ہے جب کہ مفید چکنائی میں اضافہ کرتا ہے یعنی جسم میں کولیسٹرول کنٹرول کرنے میں بہترین ہے

جوڑوں کے درد کا علاج
لہسن والے دودھ کا روزانہ استعمال جوڑوں میں درد و سوزش کے علاوہ گٹھیا کے درد میں بھی کمی لاتا ہے

دمے کا علاج
دمے سے چھٹکارا پانے کے لیے یہ مشروب پینے کے علاوہ رات کو سونے سے پہلے لہسن کے تین جوے کھائیں جس سے بہت افاقہ ہو گا

امراض قلب
ایل ڈی ایل کہلانے والی چکنائی مضر صحت ہوتی ہے اور ہائی بلڈ پریشر کے علاوہ دل کی بیماریوں کی وجہ بھی بنتی ہے، یہ مشروب ایل ڈی ایل کو کم کرتے ہوئے دل کو تقویت بھی پہنچاتا ہے، بہتر نتائج کے لیے لہسن والا دودھ تیار کرنے کے لیے کم چکنائی والا دوھ استعمال کیا جاسکتا ہے

نمونیا سے تحفظ
لہسن والے دودھ کا دن میں تین مرتبہ استعمال نمونیا کا بہترین گھریلوعلاج ہے

بے خوابی سے بچاؤ
لہسن والا دودھ آپ کو سکون پہنچاتا ہے اور نیند کا باعث بنتے ہوئے بے خوابی سے بھی بچاتا ہے

ہاضمے میں مدد
لہسن میں جراثیم کش خصوصیات کے علاوہ بیماریوں کے خلاف ہمارے جسم کو مضبوط بنانے کی صلاحیت بھی ہوتی ہے اور ساتھ ہی ساتھ اس میں شامل قدرتی مادوں کی بدولت معدے میں ہاضمہ کرنے والی رطوبتوں یعنی گیسٹرک جوسز کے اخراج میں اضافہ ہوتا ہے جس سے نہ صرف ہاضمہ بہتر ہوتا ہے بلکہ ہیضے سے بچنے میں بھی مدد ملتی ہے

پھیپھڑوں کی ٹی بی کا علاج
لہسن میں سلفر کی موجودگی اسے ٹی بی کے علاج میں اکسیر بناتی ہے، پھیپھڑوں کی ٹی بی سے چھٹکارا پانے کے لیے لہسن اور دودھ کا مشروب قدرے مختلف انداز سے بنایا جا سکتا ہے، اس کے لیے لہسن کا ایک گرام پیسٹ، ٢٤٠ ملی لیٹر دودھ اور ایک لیٹر پانی کو آپس میں ملا کر ہلکی آنچ پر ابال لیں یہاں تک کہ یہ پورا آمیزہ اپنی ابتدائی مقدار کے مقابلے میں ایک چوتھائی رہ جائے، اس مشروب کو پورے دن میں تین مرتبہ استعمال کرتے ہوئے ختم کریں

یرقان کا علاج
لہسن اور دودھ کا یہ مشروب پورے ہفتے استعمال کرنے سے یرقان بھی ختم ہو جاتا ہے کیونکہ لہسن میں جسم سے زہریلے مادے ختم کرنے کی زبردست صلاحیت ہوتی ہے جو یرقان کا قلع قمع کرنے میں کارآمد ہے، اس کے علاوہ لہسن میں شامل سلفر بھی جگر کو تقویت پہنچاتے ہوئے یرقان کی شدت میں کمی لاتا ہے

اعصابی درد میں کمی
شیاٹیکا یعنی عرق النساء ایک خاص طرح کا اعصابی درد ہے جو ریڑھ کی ہڈی سے شروع ہو کر ٹانگوں تک پہنچتا ہے اور شدید اذیت کی وجہ بنتا ہے، لہسن والے دودھ کا باقاعدہ استعمال شیاٹیکا میں بھی کمی کا باعث بنتا ہے

Advertisements