Back

جوان اور خوبصورت رکھنے والی غذا

قیمتی لوشن اور کریمیں بھی آپ کو وہ تازگی اور حسن نہیں دے سکتیں جو غذائیں فراہم کرتی ہیں اس کی وجہ یہ ہے کہ ان غذاؤں میں موجود اہم اجزا جلد کو اندر سے خوبصورت بنا کر دیرپا اثرات مرتب کرتے ہیں، ایسی ہی کچھ غذاؤں کا ذکر درج ذیل ہے

سامن مچھلی
سامن مچھلیاں امریکا اور یورپ میں رغبت سے کھائی جاتی ہیں، ان مچھلیوں کی صحت کے لیے افادیت ثابت ہو چکی ہے، سامن میں موجود اومیگا تھری فیٹی ایسڈ دل کو محفوظ رکھتے ہیں اور جلد کی بیرونی پرت میں پانی کے نفوذ کو ممکن بناتے ہیں اس طرح جلد تروتازہ اور شاداب رہتی ہے، اسی طرح دریا کی ٹراؤٹ مچھلی، ٹیونا، میکرل، ہیرنگ اور سارڈین مچھلیوں میں بھی یہ جزو پایا جاتا ہے، کدو کے بیجوں میں بھی اومیگا تھری موجود ہوتا ہے

ٹماٹر
گرمیوں میں گھر سے باہر نکلنے سے قبل ایک دو ٹماٹر کھانے سے بہت فائدہ ہوتا ہے، ٹماٹروں میں موجود لائسوپین جزو دھوپ سے جھلسن کو کم کرتا ہے اور جلد کو بوڑھا نہیں ہونے دیتا، بہتر یہ ہے کہ نیم پکے ہوئے ٹماٹر کھائے جائیں کیونکہ ان کا لائسوپین جلد میں بہتر انداز میں جذب ہوتا ہے

گاجر
بچوں کو کم عمری سے ہی گاجر کھانے کی ترغیب دینی چاہیے، گاجروں میں اینٹی آکسیڈنٹس اجزا، فلیوونوئیڈز اور دیگر اجزا موجود ہوتے ہیں جو سورج کی مضر شعاعوں کے جلد پر اثرات کم کرتے ہیں اور جلد کو شگفتہ رکھتے ہیں، گاجروں میں پایا جانے والا بی ٹا کیروٹین جسم میں وٹامن اے جذب کرنے میں مدد دیتا ہے جس سے خلیات بڑھتے اور ان کی مرمت ہوتی ہے، گاجر کا استعمال بصارت کو بہتر بنا کر آپ کو کم روشنی میں بہتر طور پر دیکھنے میں مدد دیتا ہے

بادام
باداموں میں وٹامن ای کوٹ کوٹ کر بھرا ہوتا ہے جو ایک طاقتور اینٹی آکسیڈنٹ ہے، یہ دھوپ میں موجود الٹراوائیلٹ شعاعوں کے مضر اثرات سے جلد کو محفوظ رکھتا ہے، بادام کولیسٹرول کی سطح کو کم کرتے ہیں

دہی
دہی بدن میں سوزش اور جلن کم کرتا ہے، ہاضمے کو بہتر بنا کر جلد کے لیے ضروری اجزا جذب کرتا ہے، دوپہر کے وقت دہی کا استعمال جلد کے لیے بہترین نسخہ ہے

رس دار پھل
کینو، نارنجی اور دیگر رس بھرے پھل جلد کی اوپری سطح میں موجود کولاجن کو لچکدار اور ہموار بناتے ہیں

بلوبیریز
بلوبیریز میں پوٹاشیم اور وٹامن سی کی بڑی مقدار موجود ہوتی ہے، اس میں شامل اجزا بڑھاپے کو روکتے ہیں اور جلد کو جوان رکھتے ہیں، بلوبیریز میں جلد دوست اینٹی آکسیڈنٹس موجود ہوتے ہیں، یہ ڈی این اے کی ٹوٹ پھوٹ اور بڑھاپے کو روکتے ہیں

Advertisements