Back

شہد کے خواص اور فائدے

شہد قدرت کی عطا کردہ ایسی نعمت ہے جس کی شفائی اور حیرت انگیز غذائی خوبیوں کو بیان کرنا انسان کے بس کی بات نہیں، شہد میں خود کو تادیر محفوظ رکھنے کی ایسی خاصیت پائی جاتی ہے کہ تحقیق کے مطابق شہد بائیس سال تک بھی خراب نہیں ہوتا اور نہ ہی اپنی خوبیاں بدلتا ہے، قرآن کریم میں شہد کا ذکر ان الفاظ میں آیا ہے کہ اس شہد میں انسان کے لئے شفاء ہے

ہزاروں برسوں سے شہد کو مختلف بیماریوں کے علاج کے لئے اور ادویات کی تیاری میں استعمال کیا جاتا رہا ہے، شہد دیگر غذاؤں کے ساتھ مل کر صحت اور غذائیت بخش اثرات کا حامل بن جاتا ہے، شہد میں پروٹین، معدنی اجزاء، کاربوہائیڈریٹس، فاسفورس، آئرن، کیلشیم، وٹامن سی، وغیرہ جیسے اجزاء پائے جاتے ہیں

اکثر لوگ جسمانی و دماغی تھکاوٹ دور کرنے کے لئے مختلف نسخہ جات کی تلاش میں رہتے ہیں، لیکن شہد سے بڑھ کر تھکاوٹ دور کرنے والی چیز اور کوئی نہیں، شہد پیٹ اور آنتوں کی بیماریوں، معدہ کے السر اور ورم کے علاج میں بہت کارآمد ہے، کھانسی اور بلغم کے علاج کے لئے شہد کو گرم پانی کے ساتھ استعمال کرنا چاہیے، شہد میں موجود اجزاء خون کے سرخ ذرّات کو بڑھاتے اور توازن برقرار رکھتے ہیں

اگر آنکھوں کا درد ختم نہ ہوتا ہو تو روزانہ شہد لگانے سے آنکھوں کا درد اور خارش بھی ختم ہوتی ہے اور بینائی بھی تیز ہوتی ہے، امراض قلب کے لئے بھی شہد کا استعمال بہتر ہے، شہد آسانی سے ہضم ہو کر جلد ہی بدن کا جزو بن جاتا ہے، شہد نیند نہ آنے کا بھی عمدہ علاج ہے، ایک کپ پانی میں دو چمچ شہد ملا کر روزانہ رات کو پینے سے نیند نہ آنے کی بیماری ختم ہو جاتی ہے، شہد جراثیم کش بھی ہے اور منہ کی بدبو ختم کرنے کے علاوہ منہ کے امراض کو بھی ختم کرتا اور دانتوں اور مسوڑھوں کو صاف کرتے ہوئے مضبوط بناتا ہے

Advertisements