Back

پیاز کے خواص اور فائدے

پیاز صدیوں سے غذا اور دوا کے طور پر استعمال ہو رہا ہے، قدیم مصر میں یہ خاص و عام کی خوراک تھی، مصری طبیب پیاز کو متعدد بیماریوں کے علاج کے لئے تجویز کرتے تھے، پیاز دنیا بھر میں خوراک کے طور پر استعمال ہوتا ہے لیکن اس کا اصل وطن پاکستان اور ایران ہے، انڈونیشیا اور ملائشیا کے علاوہ افریقہ اور امریکہ میں بھی پیاز کی کاشت کی جاتی ہے، پیاز میں اعلی درجہ کے غذائی اور ادویاتی خواص پائے جاتے ہیں

پیاز میں رطوبت، پروٹین، ریشے، چکنائی، معدنیات، کاربوہائیڈریٹس، فاسفورس، کیلشیم، آئرن، حرارے اور وٹامن بی اور سی جیسے اجزاء پائے جاتے ہیں

پیاز بلغم کو ختم کرتے ہوئے ریاح کو تحلیل کرتا ہے، کچا پیاز استعمال کرنے سے پیشاپ کھل کر آتا ہے، جنگلی پیاز کے استعمال سے پیٹ کے کیڑے ختم ہو جاتے ہیں، پیاز کا عرق جسم پر حملہ کرنے والے جراثیم کو ختم کرتا ہے، پیاز کا مسلسل استعمال امراض قلب سے محفوظ اور دل کی دھڑکن کو متوازن رکھتے ہوئے دوران خون کو بہتر بناتا ہے، بے خوابی کے مرض میں اگر پیاز کا شوربہ استعمال کیا جائے تو نیند کی گولیوں سے زیادہ مفید ثابت ہوتا ہے، پیاز جراثیم کش اور مصفی خون ہے، چہرے اور جسم پر سیاہ دھبے ہوں تو پیاز کا عرق لگانے سے صاف ہو جاتے ہیں

نکسیر بہنے کی صورت میں پیاز کے رس کے ایک دو قطرے ناک میں ڈالنے سے نکسیر بند ہو جاتی ہے، برسات کے موسم میں پیاز کا زیادہ استعمال کرنے سے موسمی بیماریوں سے حفاظت رہتی ہے، پیاز اگر سرکہ میں ملا کر استعمال کیا جائے تو زیادہ نفع دیتا ہے، اگر آدھا چھٹانک پیاز کا پانی روزانہ صبح باقاعدگی سے استعمال کریں تو گردہ و مثانہ کی پتھری ریزہ ریزہ ہو کر خارج ہو جاتی ہے، روئی کا ٹکڑا پیاز کے جوس میں تر کر کے کان میں رکھنے سے گونج کی شکایت دور ہو جاتی ہے اور پیاز کا عرق تھوڑا گرم کر کے کان میں ٹپکانے سے کان کا درد ختم ہو جاتا ہے

پیاز خون کی نالیوں میں لوتھڑے بننے کے عمل میں رکاوٹ بنتا ہے اور بلڈ کولیسٹرول کو کم کرتا ہے، خواتین میں اگر ماہواری رک جائے تو کچا پیاز کھانے سے حیض کا خون جاری ہو جاتا ہے، روزانہ کچا پیاز چبا کر کھانے سے دانتوں کے امراض سے حفاظت ہوتی ہے اور منہ میں موجود نقصان دہ جراثیم ہلاک ہوتے ہیں، پیاز کا شمار ان غذاؤں میں ہوتا ہے جو بہت زیادہ مقوی باہ ہیں، پیاز کے باقاعدہ استعمال سے جنسی طاقت بحال ہوتی ہے، روزانہ پیاز کے عرق اور شہد کو ہموزن پینے سے زبردست جنسی قوت پیدا ہوتی ہے

Advertisements